جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن (ایس ڈی ایم سی) نے 19-2018 میں ’اٹل آہار یوجنا‘ کی شروعات کی تھی، لیکن کورونا وبا کے سبب اسے روکنا پڑا۔ اس منصوبہ کے تحت غریبوں کو 10 روپے میں ناشتہ اور 15 روپے میں کھانا دستیاب کرانے کی تیاری تھی۔ اب ایک بار پھر اس سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے اور ’اٹل آہار یوجنا‘ کے لیے لائسنس میں کچھ نرمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ایس ڈی ایم سی نے اٹل آہار یوجنا کے تحت لائسنس کے لیے کونسلروں سے منظوری حاصل کرنے کی شرط ہٹا دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک تجویز کو ایس ڈی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے گزشتہ جمعہ کو منظوری دی۔ بے حد سستی قیمتوں پر کھانا دستیاب کرانے کے لیے ’اِن بِلٹ کچن‘ والے تقریباً 40 ’فوڈ کیوسک‘ قائم کیے جانے کی تیاری ہے۔ اس کے ذریعہ لوگوں کو دوپہر کے کھانے میں 15 روپے کی رعایتی شرح پر ایک تھالی ملے گی۔ اس میں روٹی، چاول، دال، سبزیاں اور دہی کو شامل کیا گیا ہے۔ ناشتہ 10 روپے کا ہوگا جس میں پوری، سبزی اور بھرے ہوئے پراٹھے دیے جائیں گے۔
ایس ڈی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سربراہ بی کے اوبرائے کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کچھ ترامیم کے ساتھ منصوبہ کو پھر سے شروع کرنا چاہتا ہے۔ مثلاً کسی کو بھی لائسنس کے لیے درخواست کرنے کی اجازت ہوگی۔ پہلے صرف میونسپل ملازمین ہی درخواست دے سکتے تھے۔ ساتھ ہی لائسنس کے لیے درخواست دینے والوں کو مقامی کونسلر سے اجازت کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔