اس بار رنجی ٹرافی عجیب و غریب معاملے کو لے کر تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ معاملہ میچ فکسنگ یا پھر گیند سے چھیڑ چھاڑ وغیرہ کا نہیں ہے، بلکہ کرکٹرس کے کھانے پر ہوئے خرچ سے متعلق ہے۔ رنجی ٹرافی کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ممبئی اور اتراکھنڈ کے درمیان تاریخی مقابلہ ہوا جب ممبئی نے ریکارڈ 725 رنوں سے کامیابی حاصل کی۔ لیکن اتراکھنڈ کی ٹیم اس شکست کے بعد ایک حیرت انگیز تنازعہ میں پھنس گئی۔ تنازعہ اس قدر بڑھ گیا کہ اتراکھنڈ کرکٹ ایسو سی ایشن کو صفائی دینے کی ضرورت پڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ کی ٹیم کاغذوں پر تو کروڑوں روپے کا خرچ دکھاتی ہے، لیکن کھلاڑی کو ’ڈیلی الاؤنس‘ کی شکل میں محض 100 روپے دیتی ہے۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد اتراکھنڈ کرکٹ نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے الزام کو سرے سے خارج کر دیا۔ ایسو سی ایشن نے کھلاڑیوں کے کھانے پینے کے اخراجات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی صفائی پیش کی۔ لیکن کھانے پینے پر جو خرچ دکھائے گئے، وہ عام لوگوں کے لیے حیرت انگیز ہیں۔
ایسو سی ایشن کے مطابق کھلاڑیوں کے کھانے پینے پر 1.74 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ کرکٹرس کو ’ڈیلی الاؤنس‘ کی شکل میں 49 لاکھ 58 ہزار روپے دیے گئے۔ سب سے زیادہ حیرت تو کیلے اور پانی کی بوتلوں پر ہوئے خرچ کو دیکھ کر ہوتی ہے۔ کیلے خریدنے کے لیے 35 لاکھ روپے، اور پانی کی بوتلوں کے لیے 22 لاکھ روپے کا کرچ دکھایا گیا ہے۔