آج کل آن لائن کھانا آرڈر کرنا ایک عام رواج بن گیا ہے۔ کچھ اچھا کھانے کا دل کرے تو لوگ اسے بنانے میں وقت ضائع کرنے سے بہتر سمجھتے ہیں کہ آن لائن آرڈر کیا جائے۔ کئی بار غلط آرڈر بھی ڈیلیور ہو جاتا ہے، لیکن امریکہ میں ایک انتہائی دلچسپ معاملہ سامنے آیا ہے۔ نیویارک پوسٹ میں شائع خبر کے مطابق ’ڈور ڈیش‘ کے ایک صارف نے ’چکن ونگز‘ اور کولڈ ڈرنک آرڈر کیا تھا۔ جب ڈیلیوری بوائے پیکٹ دے کر چلا گیا، اور صارف نے اسے کھولا تو حیرت کی انتہا نہیں رہی۔

دراصل صارف کو پیکٹ میں مشروب تو صحیح حالت میں ملی، لیکن چکن وِنگز کی جگہ صرف ہڈیاں موجود تھیں۔ اس کے ساتھ ایک جذباتی خط بھی رکھا ہوا تھا جو فوڈ ڈیلیوری بوائے نے لکھا تھا۔ خط میں اس نے بتایا کہ وہ بہت پریشان تھا اور اسے بہت تیز بھوک بھی لگی ہوئی تھی۔ اس پریشانی کے عالم میں اس نے چکن وِنگز کھا لیا۔ اس عمل کے لیے فوڈ ڈیلیوری بوائے نے خط میں صارف سے معافی بھی مانگی اور چکن ونگز کے لیے تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ اتنا ہی نہیں، خط میں یہ بھی لکھا کہ وہ اپنی اس ملازمت سے خوش نہیں ہے اس لیے ملازمت چھوڑ رہا ہے۔

اس واقعہ سے متعلق ایک ویڈیو صارف نے ٹک ٹاک پر شیئر کی ہے۔ اس میں بتایا ہے کہ آرڈر تو چکن ونگز کا دیا تھا، لیکن ہاتھ صرف ہڈیاں لگیں۔ ویڈیو میں صارف نے فوڈ ڈیلیوری بوائے پر رحم آنے کا بھی تذکرہ کیا۔