نئی دہلی: 4 فروری 2024ء کو الحکمۃ فاؤنڈیشن (جیت پور یونٹ) نے برجستہ تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جس میں علاقے کے اسکولی بچے شامل ہوئے۔ یہ مقابلہ تین گروپوں پر مشتمل تھا۔ گروپ ’اے‘ میں درجہ 12-9 تک، گروپ ’بی‘ میں درجہ 8-6 تک اور گروپ ’سی‘ میں درجہ 5-3 تک کے بچوں نے حصہ لیا۔ پروگرام کا آغاز قاری عطاء الرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر محسن عتیق خان نے فاؤنڈیشن کا جامع تعارف پیش کیا اور پھر پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مقابلے میں متعدد اسکولوں کے تقریباً 40 طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔

اس پروگرام میں حکم کے فرائض مسرور عالم ندوی، ڈاکٹر ایاز احمد ندوی اور ماسٹر مشفق سلیم نے ادا کیے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ عربی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محفوظ الرحمن ندوی نے بچوں کے پرفارمنس پر مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد دانش ندوی نے انجام دیے۔

یہ پروگرام فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں اور علاقہ کے معزز لوگوں کے مالی تعاون سے ہوا جن میں بطور خاص فاؤنڈیشن کے محسن خورشید اعظم اور مفیض الرحمن ندوی قابل ذکر ہیں۔ شکریہ کے کلمات فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر محفوظ عالم ندوی نے پیش کیے اور فاؤنڈیشن کے سرپرست حکیم ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ندوی و دیگر ذمہ داران ڈاکٹر اطہر ظفر، ڈاکٹر محمد ریحان ندوی، نجم الہدی ندوی اور ڈاکٹر رفیع احمد کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے پروگرام پایہ تکمیل تک پہنچا۔