فلم ’برہماستر‘ کا بے صبری سے انتظار کر رہے لوگوں کو امیتابھ نے شاعرانہ انداز میں ایک تحفہ پیش کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں اپنی آواز میں کہا ہے ’خاتمہ کی یہ شروعات ہے، جاگ رہا برہماسترہے‘۔ دراصل کئی برسوں سے ’برہماستر‘ بن رہی ہے لیکن بجٹ اور پلاٹ کے لحاظ سے بہت بڑی فلم ہونے کے سبب اس میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ فلم شائقین بھی تاخیر ہونے کی وجہ سے تھوڑے مایوس ہو رہے تھے لیکن اب امیتابھ بچن نے فلم کے سلسلے میں ایک بڑا اعلان کر دیا ہے جس سے مداحوں میں کافی جوش بھر گیا ہے۔
امیتابھ نے فلم کی ایک جھلک دکھاتے ہوئے لکھا ہے ’’دنیا کے ساتھ ہم برہماستر کی جرنی (سفر) شیئر کرنے والے ہیں، جس کے لیے ہم سبھی پرجوش ہیں۔ لو (محبت)، لائٹ (روشنی)، فائر (آگ)، برہماستر کا موشن پوسٹر کل یعنی 15 دسمبر کو ریلیز ہونے جارہا ہے۔‘‘ موشن پوسٹر کی سب سے خاص بات ہے بیک گراؤنڈ میں امیتابھ کی جوشیلی آواز ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں ’’دھرتی کا کَن-کَن کانپ اٹھے گا، جب اس یُدھ کا شنکھ ناد بجے گا۔ اَنت کا یہ آرمبھ ہے، جاگ رہا برہماستر ہے۔‘‘
اس سے قبل فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر نے بھی بتایا تھا کہ ’برہماستر‘ کا موشن پوسٹر 15 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔ 300 کروڑ روپے کے بجٹ میں بن رہی ’برہماستر‘ میں امیتابھ کے علاوہ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، ناگارجن اہم کردار میں نظر آئیں گے۔