چین میں جمعرات کی صبح 6.0 شدت کے زلزلہ نے ایک تباہی کا منظر پیدا کر دیا۔ اس قدرتی آفت میں جہاں 3 لوگوں کی موت واقع ہو گئی، وہیں تقریباً 60 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے جن میں کچھ کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چین کے سچوان خطہ واقع لکسین کاؤنٹی میں یہ زلزلہ محسوس کیا گیا جس نے 737 گھروں کو منہدم کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 72 گھروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے اور 7 ہزار سے زائد ایسے گھر بھی ہیں جنھیں زلزلہ نے کچھ حد تک متاثر کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی سنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق زلزلہ سے متعلق محکمہ نے فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کر دیا اور فائر بریگیڈ کے ساتھ ساتھ راحتی کام کے ماہر کئی افراد علاقے میں پہنچ گئے۔ ایک اطلاع کے مطابق شہر کے بیشتر گھروں میں بجلی چلی گئی اور پھوجی بستی میں زوردار بارش کے درمیان بچاؤ اہلکار منہدم گھروں میں لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں اور انھیں عارضی کیمپوں میں لے جا رہے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے ذریعہ دی جا رہی خبروں کے مطابق جمعرات کی صبح آئے زلزلہ سے متاثر 6900 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا اور 10 ہزار سے زائد لوگوں کو عارضی کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی کوئلہ کانوں کو اندرونِ زمین ٹرانسپورٹیشن روکنے اور کانکنوں کو باہر نکالنے کا حکم دیا گیا ہے۔