مسلم بچوں میں تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں چلانے کے لیے مشہور پرانی دہلی کے ادارہ فاطمہ اکیڈمی ’ڈرامہ‘ کے ذریعہ سماجی بیداری پیدا کرنے کے لیے بھی مقبول ہے۔ اس بار فاطمہ اکیڈمی کے کچھ بچوں نے چھوٹے سے ڈرامہ پرفارمنس میں مقامی انتظامیہ کے سامنے ایک اہم مطالبہ رکھا۔ مطالبہ تھا علاقے میں فٹ بال میدان کی کمی دور کرنے کا۔

12 جنوری کو فاطمہ اکیڈمی کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اَپ لوڈ کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں کچھ بچے دہلی حکومت میں وزیر عمران حسین کی موجودگی میں فٹ بال میدان سے متعلق اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پروگرام کے بعد عمران حسین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ علاقے میں فٹ بال میدان کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ انھوں نے اس کا مناسب حل نکالنے کا بھی وعدہ بچوں سے کیا۔ یہاں غور طلب ہے کہ یہ پروگرام گزشتہ سال اکتوبر ماہ میں منعقد ہوا تھا جس کی ویڈیو ایڈٹنگ کے بعد اب اَپ لوڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ فصیل بند شہر کے علاقہ لال کنواں میں واقع فاطمہ اکیڈمی مسلم بچوں، خصوصاً لڑکیوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آرٹس اینڈ کرافٹس شعبہ میں تربیت دینے کا کام گزشتہ کئی سالوں سے انجام دے رہی ہے۔ اکیڈمی میں کمپیوٹر کی ابتدائی تعلیم اور مہندی کلاسز وغیرہ کا بھی انتظام ہے۔ یہاں مسلم بچوں و بچیوں کو اسلامی تہذیب کی پاسداری کرتے ہوئے تعلیم و تربیت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔