ہندوستان کی کئی ریاستیں اس وقت تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔ یوپی، راجستھان، مدھیہ پردیش میں پیدا فرقہ وارانہ تشدد کا زخم ابھی تازہ ہی تھا کہ دہلی میں تشدد شروع ہو گیا۔ اس درمیان ایک حیرت انگیز خبر یہ سامنے آئی ہے کہ مشہور ڈیزائنر کنال مرچینٹ نے پی ایم مودی کے لیے ٹیبل بنانے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ جانکاری مشہور فلم ہدایت کار اویناش داس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے دی ہے۔

اویناش نے لکھا ہے کہ ’’ملک کے سرفہرست ڈیزائنر کنال مرچینٹ نے وزیر اعظم مودی کے لیے ٹیبل ڈیزائن کرنے سے منع کر دیا ہے۔ پی ایم او نے کنال سے میل کے ذریعہ رابطہ کیا کہ پی ایم مودی کی خواہش ہے آپ ان کے لیے ایک ٹیبل ڈیزائن کریں۔‘‘ ٹوئٹ کے اگلے تھریڈ میں وہ لکھتے ہیں ’’کنال مرچینٹ نے جواب دیا– ایسے وزیر اعظم دفتر کے لیے ٹیبل ڈیزائن کرنا غیر اخلاقی ہوگا جہاں اقلیتوں کے ساتھ تفریق اور ان کے حقوق سے محروم رکھنے والے قوانین پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔‘‘

حالانکہ اس خبر کی دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اویناش کے ٹوئٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ایک شخص نے اسے ’فرضی خبر‘ بتایا ہے۔ اس پر اویناش نے لکھا ’’فرضی خبر نہیں ہے۔ پی ایم او نے اپنی عزت بچانے کے لیے کہا ہے کہ اس کی طرف سے کوئی ای-میل نہیں بھیجی گئی ہے۔ پولس کے ذریعہ فرضی ای-میل کا معاملہ بھی درج کروایا گیا ہے۔ اب پی ایم او کنال کی مٹی پلید کرنے میں کوئی کسر تھوڑے ہی چھوڑے گا؟‘‘