رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ’برہماستر‘ کے نئے ٹیزر نے فلم شائقین میں ہلچل مچا کر رکھ دی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ 31 مئی کو جاری اس فلم کے نئے ٹیزر میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، امیتابھ بچن، ناگارجن اور مونی رائے کو تو سامنے سے دکھایا گیا ہے، لیکن ایک کردار ایسا ہے جسے پیچھے سے دکھایا گیا ہے۔ اب یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آخر یہ کون اداکار ہے! کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ جسمانی ساخت سے یہ بالکل شاہ رخ خان معلوم پڑ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ بات تیزی سے پھیل رہی ہے کہ فلم ’برہماستر‘ میں شاہ رخ خان کیمیو کردار میں نظر آئیں گے۔ حالانکہ اس سلسلے میں فلمسازوں یا پھر فلم سے جڑے کسی شخص کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں تو ایسا بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شاہ رخ فلم میں ایک سائنسداں کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے اور ان کا 30 منٹ کا کیمیو کردار ہوگا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر یہی کہا جائے گا کہ رنبیر کپور کی فلم ’برہماستر‘ میں شاہ رخ خان نے خاموشی کے ساتھ انٹری مار لی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ٹیزر میں ایک لمبے بالوں والا شخص دکھایا گیا ہے جو ہاتھ میں ترشول لیے لال رنگ کے چمکتے ہوئے پتھر کے پاس کھڑا ہے۔ اسی کے بارے میں سوشل میڈیا یوزرس کہہ رہے ہیں کہ اس کا انداز بالکل شاہ رخ خان جیسا ہے۔