سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جیسے جیسے ترقی ہو رہی ہے، لوگوں کو آسانیاں بھی میسر ہو رہی ہیں۔ موسمیات اور خلائی واقعات کو لے کر کئی ایسی جانکاریاں پہلے ہی مل جاتی ہیں، جو اب سے پہلے ممکن نہیں تھیں۔ اب عرب کے ماہر فلکیات نے دبئی اور دیگر قریبی ممالک میں رمضان المبارک 2022 کا پہلا روزہ بتاریخ 2 اپریل بروز سنیچر ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس تعلق سے گلف نیوز نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عرب فیڈریشن آف اسپیس اینڈ فلکیات سائنس کے رکن ابراہیم الجروان نے پیش گوئی کی ہے کہ پہلا روزہ 2 اپریل 2022 کو ہونے کا امکان ہے۔ ویسے ماہر فلکیات نے پہلے بھی رمضان المبارک 2022 اپریل ماہ میں شروع ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔

ابراہیم الجروان نے صرف رمضان کے تعلق سے ہی نہیں، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے بارے میں بھی پیش گوئی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عیدالفطر بتاریخ 2 مئی 2022 بروز سوموار کو ہونے کی توقع ہے۔ ماہر فلکیات کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات 29 رمضان سے 3 شوال تک ہوں گی۔ اسلامی کیلنڈر کی بنیاد پر ان تاریخوں کی تصدیق چاند نظر آنے کے بعد ہی کی جائے گی۔ گویا کہ فی الحال ماہر فلکیات نے پیش گوئی کر دی ہے، لیکن تاریخ سے متعلق حتمی اعلان بعد میں ہوگا۔ عیدالاضحیٰ کے تعلق سے پیش گوئی کرتے ہوئے ماہر فلکیات نے کہا کہ یہ بتاریخ 20 جولائی بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔