اڈیشہ کے بالاسور میں 2 جون کو پیش آئے خوفناک ٹرین حادثہ نے سبھی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اور زخمیوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ اس درمیان ٹرین حادثہ میں متاثر کنبوں کے تئیں ہمدردی اور تعزیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی صدر نوہیرا شیخ نے ایک بیان جاری کر کہا ہے کہ ’’اڈیشہ میں بالاسور کے قریب ہونے والے المناک ٹرپل ریل حادثہ کے بارے میں سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ یہ خبر افسوسناک ہے کہ اس حادثہ میں 270 سے زیادہ جانیں گئیں اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
نوہیرا شیخ نے اپنے بیان میں مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی حادثہ کے تعلق سے جانچ مکمل ہوگی اور پتہ چلے گا کہ آخر یہ واقعہ کیوں ہوا۔ نوہیرا شیخ نے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ حادثہ انسانی غلطی تھی یا پھر تکنیکی خامی، تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو اس کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ بالاسور ٹرین حادثہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قصورواروں کو کسی بھی حال میں بخشا نہیں جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر ریل نے اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم بھی دے دیا ہے۔