زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد مزید ایک مسلم اداکارہ نے فلم انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیا ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں بھوجپوری کی مشہور اداکارہ سحر افشا کی، جنھوں نے بذریعہ انسٹاگرام فلموں میں کام کرنے سے توبہ کرتے ہوئے آگے کی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سحر افشا نے اُردو، ہنگلش اور انگلش زبان میں کیے گئے اپنے پوسٹ میں جو کچھ لکھا ہے وہ نیچے پیش ہے۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
میں آپ سب کو مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے یہ طے کیا ہے کہ میں شوبز (فلم انڈسٹری) کو چھوڑنے جا رہی ہوں۔ اب اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ ان شاء اللہ میں اگلی زندگی اسلامی تعلیمات اور اللہ کے احکام کے مطابق گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں، اور اپنی گزشتہ زندگی سے توبہ کرتی ہوں، اور اللہ سے معافی کی طلبگار ہوں۔
اگرچہ مجھے بہت زیادہ شہرت و دولت بھی ملی لیکن ہمیشہ ایک خلش میں بھی مبتلا رہی کیونکہ ایسی زندگی کا میں نے کبھی بچپن میں بھی تصور نہیں کیا تھا۔ بس اتفاقاً ہی اس فیلڈ میں آئی اور آگے ہی بڑھتی گئی۔ لیکن اب یہ سب کچھ ختم کرنے کا ارادہ کر لیا ہے، اور ان شاء اللہ اگلی زندگی اللہ کے حکم کے مطابق گزارنے کا ارادہ ہے۔
آپ سب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ مجھے استقامت و نیکی والی زندگی عطا فرمائے۔ اور امید کرتی ہوں کہ مجھے میری پچھلی زندگی سے نہیں، بلکہ آنے والی زندگی سے یاد رکھا جائے گا۔