مدھیہ پردیش کیڈر سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس نیاز خان نے برہمنوں کی تعریف میں ایک کتاب لکھی ہے۔ اس کتاب کا نام ہے ’برہمن دی گریٹ‘۔ یہ انگریزی کتاب دس دنوں میں مارکیٹ میں آ جائے گی، لیکن اس سے پہلے ہی اس نے سرخیاں بٹورنی شروع کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر نیاز خان اور ان کی کتاب کو خوب ٹرول کیا جا رہا ہے۔ طرح طرح کے سوال اس کتاب سے متعلق اٹھائے جا رہے ہیں۔ نیاز خان نے خود ٹرولرس کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں میں نے ’برہمن دی گریٹ‘ کیوں لکھی؟ میں نے کہا کہ برہمن بہادری کا نام ہے۔ برہمن ہمدردی و ایمانداری کا نام ہے۔ برہمن قربانی کا نام ہے۔ برہمن حب الوطنی کا نام ہے۔ برہمن ثقافت و مذہب کا محافظ ہے۔‘‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ انگریزی کتاب ’برہمن دی گریٹ‘ کا ہندی ترجمہ بھی جلد منظر عام پر آئے گا۔ نیاز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ چار ماہ میں ’مہان برہمن‘ نام سے یہ کتاب ہندی میں شائع ہو جائے گی۔ اس کتاب کا اجرا وہ کاشی (بنارس) میں کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ جہاں تک انگریزی کتاب ’برہمن دی گریٹ‘ کا سوال ہے، 10 دنوں میں کتاب ’امیزون‘ پر دستیاب ہوگی۔ نیاز خان کو امید ہے کہ یہ کتاب برہمنوں کے بارے میں موجودہ سوچ کو بدل دے گی۔ ساتھ ہی یہ کتاب جدیدیت و مادیت پرستی سے متاثر برہمنوں کے سلوک میں بھی تبدیلی پیدا کرے گی۔