امریکہ پر ایران نے تیل کی چوری کا ایک بڑا الزام عائد کیا ہے جس سے دنیا حیران ہے۔ ایران نے اس تعلق سے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں کچھ بڑے جہاز دکھائی پڑ رہے ہیں۔ الزام ہے کہ امریکی جہازوں نے عمان سمندر میں ایران کے تیل ٹینکر کو چرانے کی کوشش کی۔ حالانکہ اس کوشش کو ایرانی فوج کے ذریعہ ناکام بنا دیا گیا۔
ایرانی میڈیا میں شائع رپورٹس کے مطابق اسلامک ریوولیوشنری گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) نے امریکی فوج کی تیل چرانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ ضبط کیے گئے ٹینکر میں ہزاروں لیٹر خام تیل موجود تھا۔ تیل ٹینکر سے لدے جہاز کو قبضہ میں لینے کے بعد ایرانی فوج اپنے ملک کی سرحد میں پہنچا۔ ابھی تک ایران نے یہ جانکاری نہیں دی ہے کہ امریکہ نے تیل ٹینکر چرانے کی یہ کوشش کب کی۔ حالانکہ امریکہ نے ایران کے ذریعہ عائد کیے گئے الزامات کو سرے سے مسترد کر دیا ہے۔
ایران کی طرف سے جو ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس میں ایرانی پرچم لگے ایرانی ریوولیوشنری گارڈ کارپس کے اسپیڈ بوٹ صاف دکھائی پڑ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو ایران کی اسلامک ریپبلک آف ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے ذریعہ جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں کئی مسلح اسپیڈ بوٹ دو جہازوں کی طرف بڑھتی دکھائی دیتی ہیں۔ ان میں سے ایک جہاز امریکی بحریہ کے ’ڈسٹرائر‘ یا ’میزائل کروزر‘ جیسا دکھائی پڑتا ہے۔ حالانکہ اس ویڈیو میں بہت زیادہ جانکاری نہیں دی گئی ہے۔