بہار کے حاجی پور میں جیل انتظامیہ کے ذریعہ قیدی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیل میں قیدی کی موت ہو گئی تھی، لیکن بدنامی سے بچنے کے لیے جیل انتظامیہ نے اسے زندہ ظاہر کیا اور ہتھکڑی لگا کر اسپتال پہنچا دیا۔ جیل اِنتظامیہ نے قیدی کے گھر والوں کو بھی ایک خط کے ذریعہ مطلع کیا کہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جب گھر والے بھاگے بھاگے اسپتال پہنچے تو انھیں وہاں لاش ملی۔ پھر جب انھوں نے اسپتال سے سوال و جواب کیا تو جیل انتظامیہ کی غلطیوں پر سے پردہ اٹھ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حاجی پور جیل میں لال گنج کے راج کشور نامی قیدی کی موت 20 فروری کی دوپہر تقریباً 3 بجے ہو گئی۔ اپنی لاپروائی کو چھپانے کے لیے جیل انتظامیہ مردہ قیدی کو لے کر اسپتال پہنچا اور ضلع کے افسران کو بھی یہی خبر دی کہ قیدی بیمار ہے۔ لیکن اسپتال میں قیدی کے اہل خانہ نے جب ہنگامہ کیا اور سوال و جواب کیا تو ڈاکٹروں نے ساری حقیقت سامنے رکھ دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جیل سے اسپتال پہنچا قیدی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مر چکا تھا اور اسپتال میں اس کا کوئی علاج نہیں ہوا۔ جیل انتظامیہ کی سچائی جان کر قیدی کے اہل خانہ مشتعل ہو گئے۔ کافی ہنگامہ کے بعد اس پورے معاملے کی مجسٹریل جانچ کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔