کوریائی گلوکارہ اور اداکارہ آئی یو نے ایک مرتبہ پھر ایسا کام کر دیا ہے جس سے وہ لوگوں کی تعریفیں بٹور رہی ہیں۔ در اصل آئی یو نے غریبوں کی مدد کے لیے اپنی تجوری کھول دی ہے۔ انہوں نے چائلڈ فنڈ کوریا کو 1 کروڑ 27 لاکھ روپے کا عطیہ کیا ہے۔ آئی یو نے اس عطیہ کے سلسلے میں کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ایک بھی غریب بچہ اس سردی میں گرم کپڑے سے محروم رہے۔ یہ مشکل وقت ہے، ایسے میں ہر کسی کو آگے آکر مدد کرنی چاہیے۔ میں ان لوگوں کی مدد کر رہی ہوں جنہیں میری ضرورت ہے۔

کوریائی ٹیبلائڈ سومپی کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کی ایجنسی ای ڈی اے ایم انٹرٹینمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ آئی یو نے کینسر کے مریضوں اور غریب کنبوں کے بچوں کو 100 ملین عطیہ کیے ہیں۔ ساتھ ہی ڈونیشن کا ایک حصہ کم آمدنی والے کنبہ کے بچوں کو سردیوں کے کپڑے اور ضرورت کے سامان کے لیے بھی چائلڈ فنڈ کوریا کے ذریعہ دیا جائے گا۔

کوریائی گلوکارہ اپنی گلوکاری کو لے کر تو شیدائیوں کے درمیان کافی مقبول ہیں ہی، ساتھ ہی وہ اپنے نرم دل کی وجہ سے بھی لوگوں کی پسندیدہ ہیں۔ موسیقی کی دنیا میں آئی یو ایک بڑی ہستی مانی جاتی ہیں لیکن ساتھ ہی وہ اپنے عطیہ کے کاموں سے بھی عوام کے دلوں کے قریب ہیں۔ آئی یو پہلے بھی کئی تنظیموں اور برانڈس کے ساتھ جڑ کر لوگوں کی مدد کر چکی ہیں۔