لوک سبھا انتخاب 2024 کے پیش نظر حزب اقتدار اور حزب مخالف دونوں نے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ایک طرف این ڈی اے کی میٹنگ دہلی میں چل رہی ہے، تو دوسری طرف اپوزیشن پارٹیوں کی بنگلورو میں دو روزہ میٹنگ آج ختم ہو گئی۔ اپوزیشن پارٹیوں کی اس میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کا نام ’یو پی اے‘ سے بدل کر ’اِنڈیا‘ رکھ دیا گیا ہے۔ لفظ ’اِنڈیا‘ دراصل 5 انگریزی الفاظ کا مخفف ہے، اور وہ الفاظ ہیں ’انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس‘۔

بتایا جاتا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپوزیشن اتحاد کا نیا نام رکھے جانے کو لے کر کہا کہ ’’بی جے پی کے خلاف اِنڈیا کے لوگ ہیں، وہی بی جے پی سے لڑیں گے۔ اس لیے (اپوزیشن اتحاد کا) اِنڈیا نام ہونا چاہیے۔‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میٹنگ کے بعد منعقد پریس کانفرنس میں بتایا کہ سبھی پارٹیوں کے لیڈران اس نام پر متفق ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی کھڑگے نے یہ بھی جانکاری دی کہ اگلی میٹنگ ممبئی میں ہوگی۔

پریس کانفرنس میں کھڑگے نے بتایا کہ ممبئی میں جب سبھی اپوزیشن پارٹیاں ایک بار پھر جمع ہوں گی تو کوآرڈنیٹرس کے نام پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ممبئی کی میٹنگ کے لیے جلد ہی تاریخ کا اعلان کیے جانے کی اطلاع بھی کانگریس صدر نے دی۔ اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد منعقد پریس کانفرنس سے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔