سوشل میڈیا پر کئی ایسی خبریں گشت کر رہی تھیں کہ اس مرتبہ حرمین شریفین یعنی مسجد الحرام و مسجد نبویؐ میں عید کی نماز پڑھنے کے لیے عام نمازیوں کو پرمٹ یعنی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اس تعلق سے سعودی عرب حکومت نے اپنا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ حکومت نے حرمین شریفین میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے کسی بھی طرح کی شرط کو ختم کر دیا ہے۔

سعودی وزات حج و عمرہ نے حرمین شریفین میں عید کی نماز کی ادائیگی سے متعلق جو نیا حکم نامہ جاری کیا ہے، اس کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کے لیے کسی بھی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یعنی کوئی بھی مسلم شخص ان دونوں مساجد میں عید کی نماز ادا کرنے کے لیے بلا روک ٹوک جا سکتا ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں داخلے کے لیے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں، تاہم عمرے کی ادائیگی کے لیے ایتماما یا توکلنا ایپلیکیشن کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے سپریم کورٹ نے مملکت میں شہریوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ 30 اپریل بروز سنیچر کو شوال یعنی عید کا چاند ضرور دیکھیں۔ اگر 30 اپریل کو شوال کا چاند دیکھا گیا تو سعودی میں یکم مئی کو نمازِ عید ہوگی۔ اگر اس دن چاند نہیں دیکھا گیا تو پھر نمازِ عید 2 مئی یعنی سوموار کے روز ہوگی۔