سری لنکائی ٹیم کو عالمی کپ کے اصل مقابلوں سے قبل ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بلے بازی کنسلٹنٹ ماہیلا جے وردھنے نے بیٹی سے لمبی جدائی کے سبب ٹیم کو چھوڑ گھر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق سری لنکائی کپتان جے وردھنے کو ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا لیکن عالمی کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ ختم ہوتے ہی انہوں نے گھر جانے کا اعلان کر دیا۔
جے وردھنے نے ایک سری لنکائی صحافی کو دیے انٹرویو میں بتایا کہ ’’میرے لیے مشکل ہو رہا تھا، میں نے گنتی کی، مجھے 135 دن کوارنٹائن میں ہو گئے تھے۔ یہ سلسلہ جون سے جاری تھا، لیکن اب میں اور نہیں رہ سکتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں سری لنکائی ٹیم کے لیے تکنیک کے توسط سے دستیاب رہوں گا۔ مجھے امید ہے وہ یہ سمجھیں گے کہ ایک والد ہونے کے ناطے اپنی بیٹی سے 135 دن دور رہنا آسان نہیں ہے۔ میں نے اس کو اتنے دنوں سے نہیں دیکھا ہے۔ ایسے میں اب مجھے گھر جانا ہی پڑے گا۔‘‘
ویسے جے وردھنے سری لنکائی ٹیم کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اچھے مظاہرہ سے خوش تھے۔ انہوں نے کچھ خامیوں کی طرف توجہ ضرور مبذول کرائی، جس پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ’’کچھ چیزیں ہیں جنہیں ابھی درست کیا جا سکتا ہے۔ ان میں سب سے اہم ہے کھلاڑیوں کا کردار۔ ہر کھلاڑی کو اپنا کردار واضح ہونا ضروری ہے۔ ٹیم کے اندر شکست کا ڈر بھی ہے جسے دور کیا جانا چاہیے۔‘‘