بہار کے مشہور سریجن گھوٹالہ معاملے میں سابق آئی پی ایس افسر امیتابھ داس نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی گرفتاری کا مطالبہ کر کے سیاسی ماحول گرم کر دیا ہے۔ انھوں نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ انھیں فوراً گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’2500 کروڑ روپے کا سریجن گھوٹالہ بہار کی تاریخ کا سب سے بڑا گھوٹالہ ہے۔ اس کی جانچ کر رہی سی بی آئی چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کو پکڑ کر خانہ پری کر رہی ہے۔ سریجن گھوٹالے کی جانچ ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔‘‘

خط میں امیتابھ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’سریجن گھوٹالہ نتیش کمار کے دور میں ہوا ہے، لیکن گرفتاری تو دور سی بی آئی نے ان سے پوچھ تاچھ کی ضرورت بھی نہیں سمجھی۔‘‘ خط میں انھوں نے آگے لکھا ہے ’’نتیش کمار وزیر اعلیٰ عہدہ کا غلط استعمال کر ثبوتوں کو ختم کر سکتے ہیں۔ لالچ اور خوف کے ذریعہ گواہوں کو مینیج کر سکتے ہیں۔ اس لیے گزارش ہے کہ سی بی آئی فوراً بہار کے نتیش کمار کو گرفتار کرے۔‘‘

سابق آئی پی ایس امیتابھ داس کے ذریعہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو لکھے گئے خط کی کاپی

امیتابھ نے سی بی آئی ڈائریکٹر، سی جی او کمپلیکس، نئی دہلی کے نام یہ خط 10 اکتوبر کو لکھا۔ خط میں اپنی باتیں پانچ پوائنٹس میں رکھتے ہوئے انھوں نے کچھ اہم نکات کی طرف اشارہ کیا ہے۔ امیتابھ داس نے کہا کہ سریجن گھوٹالہ کی غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے ضروری ہے کہ وزیر اعلیٰ گرفتار ہوں۔ اس سے جانچ بہت سمت میں آگے بڑھے گا۔

(رپورٹ: نیاز عالم)