نئی دہلی: ذاکر حسین دلی کالج ایوننگ کے طلبا و طالبات کی ادبی و ثقافتی تنظیم ’بزمِ ادب‘ کے زیر اہتمام انٹر یونیورسٹی مقابلوں کا انعقاد عمل میں آیا۔ ان مقابلوں میں شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا و طالبات نے اپنی ذہانت و صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کا پرچم لہرایا۔ غزل سرائی میں سید تجمل اسلام نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ شعبے کی طالبہ نور فاطمہ تیسرے انعام کے مستحق قرار دی گئی۔ اس طرح سالِ رواں کی امیر خسرو رننگ ٹرافی شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نام ہو گئی۔

بیت بازی مقابلے میں شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا آصف بلال، زاہد اقبال اور سید تجمل اسلام پر مشتمل ٹیم نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ طلبا کی اس نمایاں کارکردگی پر صدر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر احمد محفوظ نے بے انتہا خوشی کا اظہار کیا۔ شعبۂ اردو کے طلبا کی کامیابی پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے طلبا نے شعبے کا نام روشن کیا ہے۔ ان کی کامیابی لائق تحسین ہے۔‘‘

انٹر یونیورسٹی مقابلوں میں شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا و طالبات کی بہترین کارکردگی پر بزمِ جامعہ کے ایڈوائزر ڈاکٹر خالد مبشر نے بھی انھیں مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ کامیابی شعبۂ اردو کی صحت مند اور سرگرم ادبی و ثقافتی فضا کی غماز ہے۔‘‘ طلبا و طالبات کے اس شاندار مظاہرے پر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سبھی اساتذہ نے بھی ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔