میکسیکو سٹی: دنیا کے سائنسداں ابھی تک کسی دوسرے سیارہ پر زندگی ہونے کا ثبوت حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ حالانکہ کچھ ایسے واقعات ضرور پیش آئے ہیں جس نے ہماری دنیا سے الگ ایک دوسری دنیا کے ہونے کی طرف اشارہ کیا ہے۔ کچھ ایسا ہی اشارہ ایک ویڈیو سے ملتا ہے جو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
دراصل میکسیکو کی پارلیمنٹ میں سائنسدانوں نے 2 مبینہ ایلینس (دوسری دنیا کے باشندے) کی لاش دکھائی ہے۔ سائنسدانوں کا دعویٰ ہے کہ یہ لاشیں انھیں پیرو کے کسکو میں ملی ہیں جو کم و بیش ہزار سال قدیم ہیں۔ ہسپانوی نیوز ویب سائٹ ’مارکا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق میسیکو سٹی میں سائنسدانوں نے ایک تقریب کے دوران مبینہ ایلینس کی یہ لاشیں دنیا کے سامنے پیش کیں۔ تقریب کی قیادت میکسیکو کے صحافی اور یوفولوجسٹ جیمے موسن نے کیا۔ وہ دہائیوں سے مافوق الفطرت واقعات کی جانچ کر رہے ہیں۔
بہرحال، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ الگ الگ لکڑی کے باکس میں 2 غیر انسانی لاشیں رکھی ہوئی ہیں۔ سائنسدانوں کا دعویٰ ہے کہ یہ دونوں لاشیں ہماری دنیا سے تعلق نہیں رکھتی ہیں۔ یہ ڈھانچے انھیں یو ایف او (پراسرر اڑن طشتری) کے ملبہ سے برآمد ہوئے تھے۔ حال ہی میں آٹونومس نیشنل یونیورسٹی آف میکسیکو میں ان ڈھانچوں پر اسٹڈی کیا گیا۔ اسٹڈی کے دوران ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی مدد سے ڈی این اے ثبوت کا تجزیہ کیا گیا۔ اس سے پتہ چلا کہ ان ڈھانچوں کا تعلق ہماری دنیا سے نہیں ہے۔