’’اردو محبت کی زبان ہے۔ ہمیں اس کی بقا کے لیے لگاتار کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اردو کو سیاست و نفرت سے آلودہ نہ ہونے دیں اور اس کے فروغ میں بھرپور تعاون کریں۔‘‘ یہ باتیں ڈاکٹر ابواللیث شمسی (صدر شعبہ اردو، مگدھ یونیورسٹی) نے شعبۂ اردو، مگدھ یونیورسٹی کی جانب سے منعقد ایک سہ روزہ تقریب میں کہیں۔
دراصل شعبہ اردو، مگدھ یونیورسٹی، گیا کی جانب سے 9 نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ اور ’قومی یوم تعلیم‘ کے موقع پر سہ روزہ جشن اردو کا اہتمام کیا گیا۔ جشن اردو کا یہ پروگرام 11 نومبر تک چلے گا جس میں اردو ادب سے محبت رکھنے والی کئی شخصیات کی شرکت ہوگی۔ آج افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر قمر الہدیٰ فریدی (صدر شعبہ اردو، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) بطور مہمان ذی وقار شریک ہوئے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر صفدر امام قادری (کالج آف کامرس، آرٹ اینڈ سائنس، پٹنہ) نے شرکت کی اور اردو کے حوالے سے کچھ اہم باتیں سامعین کے سامنے رکھیں۔
اس تقریب میں مگدھ یونیورسٹی کے پراکٹر و ڈی ایس ڈبلیو ڈاکٹر پروفیسر برجیش کمار رائے بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں مگدھ یونیورسٹی کے دیگر شعبوں کے صدور و اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں استقبالیہ کے کلمات ڈاکٹر ضیاء اللہ انور (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو) نے پیش کیے، جبکہ ڈاکٹر ترنم جہاں (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو) نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر ممتاز احمد، ڈاکٹر عبدالحنان، ڈاکٹر اکرام الحق، ڈاکٹراحسان اللہ دانش، ڈاکٹر پریم پرکاش رائے وغیرہ کے نام اہم ہیں۔