آپ کو جب لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ پر وہاٹس ایپ استعمال کرنا ہوتا ہے تو اسے اپنے موبائل فون سے کنیکٹ کرتے ہیں۔ فون کا انٹرنیٹ کنکشن ختم ہوتا ہے تو کمپیوٹر پر بھی وہاٹس ایپ کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ لیکن وہاٹس ایپ کے نئے فیچر میں اس مسئلہ کا حل نکال لیا گیا ہے۔ اگر آپ کے موبائل فون پر انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا، تو بھی کمپیوٹر پر وہاٹس ایپ استعمال کیا جا سکے گا۔

یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں طرح کے موبائل صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ نئے فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے اینڈرائیڈ صارف کو سب سے پہلے وہاٹس ایپ کا تازہ ورژن اَپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد دائیں جانب اوپر میں تین ڈاٹ پر کلک کرنا ہوگا۔ اب ’لنکڈ ڈیوائس اینڈ ملٹی ڈیوائس بیٹا‘ کا انتخاب کرنے کے بعد ’جوائن بیٹا‘ کو دبانا ہوگا۔ آئی او ایس صارفین وہاٹس ایپ سیٹنگ میں جا کر لنکڈ ڈیوائس آپشن میں اس فیچر کو ’آن‘ کر سکتے ہیں۔

وہاٹس ایپ کا نیا فیچر فی الحال ’بیٹا اسٹیج‘ میں ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے آپ کو موبائل پر اس فیچر کو انیبل یعنی فعال کرنا ہوگا۔ ایسا کرتے ہی وہاٹس ایپ سبھی ڈیوائس سے ’اَن لنک‘ ہو جائے گا۔ پھر آپ اسے دوبارہ لنک کر کے استعمال کر سکیں گے۔ ویسے موبائل سے انٹرنیٹ کنکشن ختم ہونے پر 14 دن تک ہی کمپیوٹر پر وہاٹس ایپ استعمال ہو سکے گا۔ پھر دوبارہ موبائل سے کمپیوٹر لنک کرنا ہوگا۔