ہندوستان میں مہنگائی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ مہنگائی بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہے۔ اس سلسلے میں مشہور و معروف یوگا گرو بابا رام دیو کا ایک تازہ بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’حکومت نے پوری معیشت کو سنجویا ہوا ہے، ان کو ملکی مفاد کے سماجی کاموں کو بھی جاری رکھنا ہے۔ الگ الگ معاشی چیلنجز ہیں، حکومت بھی چلانی ہے، اس لیے وہ ٹیکس نہیں ہٹا پا رہے ہیں۔‘‘

بابا رام دیو کے اس بیان کو اب لوگ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بابا رام دیو کو ان کا وہ بیان یاد دلایا جا رہا ہے جو انھوں نے 9 سال قبل دیا تھا۔ انھوں نے تب کہا تھا ’’کالا دھن ملک میں واپس آ جائے گا تو پٹرول 30 روپے لیٹر ملنے لگے گا۔‘‘

جب یوگا گرو سے رپورٹر نے 30 روپے  لیٹر والی بات پوچھی تو انھوں نے کہا ’’کالے دھن، بدعنوانی اور نظام کی تبدیلی کے لیے میں نے پورے ملک میں جب تحریک چلائی تو اس وقت کچھ مشورے رکھے تھے۔ بتایا تھا کہ تیل کے اوپر سے ٹیکس کم کر دیا جائے، اور ایسا ہوتا تو یقیناً جو میں نے کہا تھا وہ ہو سکتا تھا۔‘‘ یعنی بابا رام دیو نے اپنی باتوں سے ’یو ٹرن‘ لے لیا۔ یوگا گرو کے بیان پر مبنی ویڈیو کو کانگریس لیڈر الکا لامبا نے ٹوئٹ کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے ’ٹھگوں میں مہا ٹھگ – بابا آم دیو۔‘‘