ہندوستان آج اپنا 73واں یومِ جمہوریہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے صبح 10 بجے نیشنل وار میموریل پہنچ کر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں یومِ جمہوریہ پریڈ کا انعقاد ہوا اور مختلف ریاستوں کی جھانکیاں بھی پیش کی گئیں۔ اس درمیان کئی لوگوں کی توجہ وزیر اعظم نریندر مودی کے لباس پر گئی جو آج بالکل مختلف انداز میں نظر آ رہے تھے۔ انھوں نے اتراکھنڈ کی ٹوپی اور منی پور کا گمچھا پہنا ہوا تھا۔ وزیر اعظم نے جو ٹوپی پہنی ہوئی تھی اس پر اتراکھنڈ کا ریاستی پھول ’برھم کمل‘ بھی لگا ہوا تھا۔

وزیر اعظم کے ذریعہ اتراکھنڈ کی ٹوپی اور منی پور کا گمچھا پہنے جانے کو لوگ انتخابات سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ دراصل آئندہ ماہ یعنی فروری میں 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ان ریاستوں میں اتراکھنڈ اور منی پور بھی شامل ہے۔ چونکہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی وزیر اعظم نریندر مودی کا ہی چہرہ استعمال کر رہی ہے، اس لیے یومِ جمہوریہ کے موقع پر ان کا اتراکھنڈ اور منی پور سے جڑی چیزوں کا پہننا سیاسی طور پر بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اتراکھنڈ کی ٹوپی اور منی پور کا گمچھا پہنے جانے کی تصویر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ کچھ لوگ وزیر اعظم کے اس عمل کو سیاست سے متاثر اور مذکورہ ریاستوں کی عوام کو متوجہ کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔